[]
مہر خبررساں ایجنسی نے سحر نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یہ معاہدہ گزشتہ روز ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امارات کے موقع پر انجام پایا اور اس پر ہندوستان کے ریزرو بینک کے گورنر شَکتی کانت داس اور یو اے ای کے مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بالما نے وزیر اعظم مودی اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی موجودگی میں دستخط کئے۔
معاہدے میں مقامی کرنسیوں ہندوستانی روپے اور اماراتی درہم میں لین دین کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک فریم ورک بنانے نیز ادائیگی اور میسجنگ سسٹم کو جوڑنا شامل ہے۔ اس سے عرب امارات میں بھی ہندوستانی روپیئےسے لین دین ممکن ہو سکے گا۔
معاہدے کے تحت ہندوستان اور یواے ای کے درمیان اپنی اپنی کرنسیوں میں لین دین کے لیے مقامی کرنسی سیٹلمنٹ سسٹم بنانے کے مقصد سے ایک فریم ورک بنایاجائے گا تاکہ دو طرفہ لین دین میں ہندوستانی روپے اور اماراتی درہم کو فروغ دیا جاسکے گا۔ مقامی کرنسی سیٹلمنٹ سسٹم بنانے سے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان اپنی اپنی کرنسیوں میں ادائیگیاں کرسکیں گے۔
اس سے روپیہ اور اماراتی درہم کے زرمبادلہ کی مارکیٹ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ریمیٹینس کو بھی فروغ ملے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ان دنوں بین الاقوامی تجارت میں ڈالر سے پرہیز کرتے ہوئے اپنی اپنی کرنسیوں کے استعمال کا رجحان بڑی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور حالیہ چند ماہ کے دوران دنیا کے کئی ممالک نے ڈالر کے بجائے اپنی اپنی کرنسیوں کے استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے۔