[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے رجحانات میں کانگریس 40.04 فیصد ووٹوں کے ساتھ 65 سیٹوں پر آگے ہے، جب کہ حکمران جماعت بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) 38 سیٹوں پر آگے ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی 10 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ اے آئی ایم آئی ایم۔ 04 سیٹوں پر آگے ہے اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) ایک سیٹ پر آگے ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق کانگریس نے اب تک کی گنتی میں 40.04 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ بی آر ایس کو 37.97 فیصد ووٹ ملے ہیں۔
بی آر ایس سپریمو اور تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ گجویل حلقے میں اپنے قریبی حریف سے آگے ہیں۔ وہ یہاں سے تیسری بار الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کا مقابلہ بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر سے ہے۔ اس کے علاوہ مسٹر راؤ پہلی بار کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں جہاں وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی سے پیچھے چل رہے ہیں۔
سابق کرکٹر اور کانگریس کے امیدوار محمد اظہر الدین جوبلی ہلز میں بی آر ایس کے امیدوار مگنتی گوپنتھ کے خلاف معمولی فرق سے آگے ہیں۔ کانگریس کے دیگر لیڈر بشمول بھٹی وکرمارکا مدھیرا میں، این اتم کمار ریڈی حضور نگر میں اور کوماتیریڈی وینکٹ ریڈی نلگنڈہ میں اپنے اپنے حلقوں میں آگے ہیں۔
ریاست میں کانگریس پارٹی کی جیت کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کارکنوں نے پارٹی دفتر اور حیدرآباد میں ریاستی صدر کی رہائش گاہ پر جشن منانا شروع کردیا ہے۔ دریں اثنا، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، دیپا داس منشی، ڈی اجوئے کمار، کے مرلی دھرن اور کے جے جارج، ریاست میں پارٹی قائدین کے درمیان تال میل کے لیے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ذریعہ مقرر کردہ بطور مشاہدین حیدرآباد پہنچ گئے ہیں۔