ممتا بنرجی، اپوزیشن ڈنر میں شرکت نہیں کریں گی

[]

نئی دہلی: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی 17جولائی کو اپوزیشن کے ڈنر میں شرکت نہیں کریں گی کیونکہ انہیں سرجری کے بعد کی احتیاط برتنی ہے لیکن وہ 18جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کی دن بھر جاری رہنے والی میٹنگ میں حصہ لیں گی۔

ترنمول کانگریس ذرائع نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ ممتا بنرجی نے جمعرات کے دن کولکتہ کے سرکاری ایس ایس کے ایم ہاسپٹل میں اپنے بائیں گھٹنے کی مائیکرو سرجری کرائی تھی۔ وہ 27جون کو شمالی بنگال کے فضائی اڈہ سیووک میں ہیلی کاپٹر ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران معمولی زخمی ہوئی تھی۔

ٹی ایم سی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں اپوزیشن اجلاس میں شرکت کے لئے ذریعہ طیارہ سفر کی اجازت دی ہے۔ وہ ڈاکٹروں کے مشورہ پر فی الحال آرام کررہی ہیں۔ ڈنر میں ان کی شرکت نہیں ہوپائے گی لیکن 18جولائی کو دن بھر جاری رہنے والے اجلاس میں وہ ضرور حصہ لیں گی۔

چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا 17 جولائی کو بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو ڈنر دے رہے ہیں۔ ممتا بنرجی کے ساتھ ٹی ایم سی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی اور رکن راجیہ سبھا ڈیریک اوبرائن بنگلورو جائیں گے۔

امکان ہے کہ یہ دونوں ان کے نمائندہ کی حیثیت سے ڈنر میں شرکت کریں گے۔ ڈاکٹروں کے مشورہ کے مطابق ممتا بنرجی اپوزیشن میٹنگ میں شرکت کے فوری بعد اسی دن کولکتہ لوٹ آئیں گی۔ کانگریس قائدین سونیا گاندھی اورراہول گاندھی بھی پیر کے دن بنگلورو اجلاس میں شرکت کرنے والے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے بشمول 24 اپوزیشن جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ پٹنہ میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی میزبانی میں اپوزیشن اتحاد کی جو پہلی میٹنگ ہوئی تھی اس میں تقریباً 15جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی تھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *