[]
ممبئی: انڈیا کے سابق کرکٹر سچن تندولکر کی بیٹی سارا تندولکر نے ایکس پر اپنا اکاؤنٹ ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود ہی نہیں۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ایک سٹوری میں سارا تندولکر کا کہنا تھا ’میں نے (سوشل میڈیا پر) اپنی کوئی ڈیپ فیک تصاویر دیکھی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
سارا نے مزید لکھا کہ ’سوشل میڈیا ہم سب کے لیے ایک بہترین جگہ ہے جہاں ہم اپنی خوشیاں، دکھ اور روز مرہ کی سرگرمیاں سرگرمیاں شیئر کرتے ہیں۔ لیکن یہ دیکھ کر افسوس بھی ہوتا ہے کہ اس کا غلط استعمال بھی ہوتا ہے اور اس سے سوشل میڈیا کی سچائی کہیں دور رہ جاتی ہے۔‘
سارا تندولکر نے سوشل میڈیا پر اُن کو فالو کرنے والوں کو بتایا کہ ’ایکس (ٹوئٹر) پر میرے کچھ جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں جس کا مقصد لوگوں کو گمراہ کرنا ہے۔
میرا کوئی ایکس اکاؤنٹ نہیں اور مجھے امید ہے کہ ایکس اس پر توجہ دے گا اور ایسے اکاؤنٹس کو معطل کرے گا۔‘ خیال رہے 26 برس کی سارا تندولکر سابق انڈین کرکٹر سچن تندولکر کی بیٹی ہیں جن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 58 لاکھ سے زائد ہے۔
سارا تندولکر اکثر خبروں میں رہتی ہیں جس کی وجہ اُن کا اکثر اوقات انڈین ٹیم کے میچوں کے دوران اسٹیڈیم میں موجود ہونا ہے۔ گذشتہ کئی مہینوں سے اُن کی موجودہ انڈین اوپننگ بیٹسمین شبھمن گِل سے دوستی کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں لیکن دونوں کی طرف سے ان افواہوں پر تاحال کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔