
اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں نیٹ امتحان سے قبل ایک برقعہ پوش امیدوارہ کو امتحانی مرکز میں داخلے سے روکنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ امیدوارہ کلثوم بانو، جو بیاور سے امتحان دینے پہنچی تھیں، نے الزام عائد کیا کہ پہلے انہیں دوپٹہ ہٹانے اور بعد میں برقع اتارنے کے لیے کہا گیا۔
کلثوم بانو نے کہا کہ وہ 3 مئی کو منعقدہ امتحان میں بھی اسی لباس میں شریک ہوئی تھیں اور اگر نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے برقع کی اجازت دی ہے تو مقامی حکام انہیں روک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر اس لباس میں امتحان دینے کی اجازت نہیں دی جاتی تو میں امتحان نہیں دوں گی، میرے لیے امتحان سے زیادہ میری شناخت اور میرا برقع اہم ہے۔‘‘
اس دوران کلثوم اور ان کے والد کی مرکز انتظامیہ اور پولیس اہلکاروں سے کافی دیر تک بحث ہوئی۔ کلثوم نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی ہدایات دکھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مئی میں منعقدہ امتحان کے دوران بھی انہیں اسی لباس میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی
میڈیا کے نمائندوں اور دیگر افراد کی مداخلت کے بعد سکیورٹی جانچ مکمل کی گئی اور تقریباً ایک گھنٹے کے انتظار کے بعد کلثوم کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ضلع کلکٹر لوک بندھو بھی مرکز پہنچے اور کہا کہ امتحان سے متعلق تمام طے شدہ رہنما خطوط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
