
ممبئی: فون پے نے واضح کیا ہے کہ یہ غیر فعالی (Inactivity) فیس صرف پری پیڈ والیٹ کے بیلنس پر لاگو ہوتی ہے۔ اس کا صارفین کے بینک اکاؤنٹس یا UPI لین دین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم فون پے (PhonePe) کی جانب سے حال ہی میں والیٹ مینٹیننس اخراجات کے لیے بھیجے گئے “غیر فعالی فیس” (Inactivity Fee) کے نوٹیفکیشنس نے صارفین میں کافی الجھن پیدا کر دی۔
بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فون پے ایپ UPI اکاؤنٹ اور فون پے والیٹ ایک ہی چیز ہیں جس کی وجہ سے انہیں خدشہ تھا کہ اگر والیٹ استعمال نہ کیا جائے تو ان کے منسلک بینک اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی جائے گی۔تاہم کمپنی نے اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیس صرف پری پیڈ والیٹ میں موجود رقم پر لاگو ہوتی ہے۔ اگر کسی صارف کے والیٹ میں رقم موجود ہو اور وہ ایک سال سے زیادہ عرصے تک اسے استعمال نہ کرے
تو ہر تین ماہ بعد 100 روپے (جی ایس ٹی کے علاوہ) بطور فیس کاٹے جائیں گے۔کمپنی نے مزید بتایا کہ اگر والیٹ میں کوئی رقم موجود نہ ہو تو کسی قسم کی فیس نہیں لی جائے گی۔ اسی طرح والیٹ کا بیلنس منفی (Negative) میں بھی نہیں جائے گا۔
کچھ صارفین نے شکایت کی کہ وہ روزانہ QR کوڈ اسکین کرتے ہیں اور بلوں کی ادائیگی بھی فون پے کے ذریعے کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں “Inactive Wallet” کے الرٹس موصول ہو رہے ہیں۔فون پے کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ ایپ میں UPI لین دین اور والیٹ کی سرگرمی کو الگ الگ ٹریک کیا جاتا ہے۔
یعنی اگر آپ روزانہ UPI کے ذریعے ادائیگیاں کر رہے ہیں لیکن کئی مہینوں سے فون پے والیٹ استعمال نہیں کیا، تو والیٹ کو پھر بھی “غیر فعال” سمجھا جا سکتا ہے۔کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ والیٹ سے کوئی فیس کاٹنے سے 15 دن پہلے صارفین کو اطلاع دی جائے گی۔
اس دوران صارفین OTP تصدیق یا کوئی چھوٹا سا لین دین کر کے اپنے والیٹ کو دوبارہ فعال (Re-activate) کر سکتے ہیں۔
