
دس محرم کے موقع پر بی بی کے علم کے جلوس کے انتظامات کے سلسلے میں حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے دبیر پورہ اور دارالشفا علاقوں میں واقع بی بی کا علم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مجلسی رکن کونسل مرزا ریاض الحسن افندی کے ہمراہ ہاتھی ’’سری دیوی‘‘ کی ٹرائل واک کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ عاشورہ کے جلوس کے دوران تقریباً دو ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل سخت حفاظتی بندوبست کیا جائے گا۔ ٹرائل رن کے دوران ہاتھی کے رویے، جلوس کے راستے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
وی سی سجنار نے واضح کیا کہ جلوس کے راستوں پر ٹریفک پابندیاں عائد کی جائیں گی انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی گنگا-جمنی تہذیب کی عکاسی کرتے ہوئے محرم کے جلوس کو امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے ماحول میں منعقد کیا جانا چاہیے۔
