
حیدرآباد: ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے تحت موجودہ ووٹر فہرست کو منجمد کر دیا گیا ہے اور عمل مکمل ہونے تک نئے ووٹروں کے اندراج پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔ الیکشن حکام کے مطابق موجودہ فہرست کی بنیاد پر ہی تطہیر کا عمل انجام دیا جائے گا تاکہ نظرثانی کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
اس عمل کے تحت 3.40 کروڑ ووٹر فارم چھاپے جا رہے ہیں، جنہیں بوتھ لیول افسران (BLOs) گھر گھر پہنچائیں گے۔ ووٹروں کو مکمل تفصیلات کے ساتھ فارم بھر کر واپس جمع کرانا ہوگا، جس کے بعد مسودہ ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔ اعتراضات وصول کرنے کے بعد حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔
ریاست بھر میں تقریباً 70 فیصد ووٹروں کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔ مسودہ فہرست کے ساتھ غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ اور دوہری اندراج والے ووٹروں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی، جن کی تعداد لاکھوں میں ہونے کا اندازہ ہے۔

