
نئی دہلی : چھتیس گڑھ کے کوریا ضلع میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی کو بچوں کے سامنے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم نے پہلے اس کے ہاتھ پاؤں باندھے، بال کاٹے، پھر بلیڈ سے سر منڈوا دیا اور مبینہ طور پر زبردستی پیشاب پلانے کے ساتھ اس کے چہرے پر سیاہ رنگ بھی مل دیا۔
پولیس کے مطابق پانڈوپارا گاؤں کے رہنے والے جتیندر گھاسیا نے 15 سال قبل متاثرہ خاتون سے محبت کی شادی کی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔ ایک سال قبل بیوی کے کردار پر شک کرتے ہوئے وہ اسے چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون بعد میں ایک جاننے والے شخص کے ساتھ رہنے لگی تھی۔
14 جون کو گاؤں واپس آنے پر جتیندر نے بچوں کے سامنے خاتون پر بہیمانہ تشدد کیا، جان سے مارنے کی دھمکی دی اور اس سارے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
