
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے حکیمانہ اور راہگشا پیغام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی رہنمائی، حمایت اور قیمتی اعتماد پر شکر گزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سید عباس عراقچی نے رہبر انقلاب کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی مخلصانہ ہدایات بلاشبہ قومی عزت کے تحفظ، ملت ایران کے حقوق کی پاسداری اور انقلاب اسلامی کے اہداف کو ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط سہارا ثابت ہوں گی۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ ان ایام عاشورائے حسینی میں وہ اللہ تعالی اور ائمۂ اطہارؑ سے استعانت کے ساتھ یقین دلاتے ہیں کہ رہبر معظم انقلاب کی ہدایات اور منویات کی مکمل پابندی کرتے ہوئے وزارت خارجہ کی تمام صلاحیتیں اسلامی جمہوری ایران کے اعلی قومی مفادات کے حصول، ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ اور ملک کی عزت، آزادی اور اقتدار کے دفاع کے لیے بروئے کار لائی جائیں گی۔
سید عباس عراقچی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ بصیرت، تدبر اور استقامت کے ساتھ قومی اہداف کے حصول اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
