
بنگلورو – ر ریاستی اور قومی سطح پر کئی اعزازات اور انعامات حاصل کرنے والے ریاست کرناٹک کے معروف باڈی بلڈر سشیل کمار (26) دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ کرناٹک کے داونگیری کے کے ٹی جمبنّا نگر سے تعلق رکھنے والے سشیل کمار منگل کی رات جم سے گھر واپس آنے کے بعد اچانک طبیعت بگڑنے پر بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
سشیل کمار بین الاقوامی سطح کے باڈی بلڈنگ مقابلوں کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ ان کی اچانک موت سے مقامی افراد میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کی والدہ دیوامّا ضلع اسپتال میں ڈی گروپ ملازمہ ہیں۔ ابتدائی طبی جانچ میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بلڈ پریشر اچانک گرنے کے باعث دل کا دورہ پڑا، جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔
اس واقعہ کے بعد کے ٹی جے نگر پولیس اسٹیشن پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
