مسلم نوجوان نے کنویں میں چھلانگ لگا کر 5 جانیں بچا لیں – مندر کے درشن سے واپس ہونے والی ویان کو حادثہ 

ممبئی :  مہاراشٹر کے ضلع شولاپور میں اتوار کی شام ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں سدھ ناتھ مندر سے واپس آنے والے عقیدت مندوں سے بھرا ایک پک اپ ٹیمپو سڑک کنارے موجود گہرے کنویں میں جا گرا۔ اس دردناک حادثے میں چار بچوں سمیت 8 افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

 

حادثے کے وقت تندلوواڑی گاؤں کے رہائشی عرفان مجاور اپنی موٹر سائیکل پر ٹیمپو کے پیچھے آ رہے تھے۔ گاڑی کو کنویں میں گرتا دیکھتے ہی انہوں نے فوراً مقامی افراد کو اطلاع دی اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر کنویں میں چھلانگ لگا دی۔

 

عرفان نے سب سے پہلے ایک کمسن بچے کو پانی سے باہر نکالا اور ابتدائی امداد دے کر اس کی جان بچائی۔ بعد ازاں دیہاتیوں کی مدد سے دو مزید بچوں، ایک خاتون اور دو مردوں کو بھی کنویں سے بحفاظت نکال لیا۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر پانچ افراد کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ دو دیگر افراد تیر کر خود باہر نکل آئے۔

 

وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے دو، دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا۔ جبکہ چیف منسٹر فڈناویس نے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر متوفی کے خاندان کو 5 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ عرفان مجاور کی بہادری اور انسان دوستی کو عوام کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *