
پٹنہ: بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے دیگھا علاقہ میں واقع ایک جیولری شاپ میں لوٹ کی حیران کن کوشش سامنے آئی ہے، جہاں دو نوعمر لڑکیوں نے مبینہ طور پر نشہ آور اسپرے کا استعمال کرتے ہوئے سونے کے زیورات لوٹنے کی کوشش کی۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
پولیس کے مطابق کرجی برج کے قریب واقع ماں ویشنوِی جیولرز میں دونوں لڑکیاں گاہک بن کر داخل ہوئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں نے حال ہی میں انٹرمیڈیٹ امتحان کامیاب کیا تھا اور ایک ہی کوچنگ سنٹر میں زیر تعلیم تھیں۔
دکاندار راجیش کمار ایک خاتون گاہک کو زیورات دکھا رہے تھے کہ اسی دوران دونوں لڑکیوں نے سونے کے ٹاپس دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ جب دکاندار نے زیورات کاؤنٹر پر رکھے تو انہوں نے مزید ایک انگوٹھی دکھانے کا مطالبہ کیا۔ جیسے ہی راجیش کمار مڑے، ایک لڑکی نے اپنے بیگ سے اسپرے نکال کر ان کے چہرے پر چھڑک دیا، جس سے دکاندار اور وہاں موجود خاتون کو سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔
تاہم راجیش کمار نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے زیورات محفوظ کیے اور پھر کاؤنٹر پھلانگ کر باہر نکل گئے۔ انہوں نے شور مچاتے ہوئے فوری طور پر دکان کا شٹر گرا دیا تاکہ ملزمان فرار نہ ہو سکیں۔
ہنگامے کے دوران دکان کا شیشے کا اگلا حصہ بھی ٹوٹ گیا۔ ایک لڑکی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی جبکہ دوسری دکان کے اندر ہی پھنس گئی۔ اطلاع ملنے پر دیگھا پولیس موقع پر پہنچی اور اسے حراست میں لے لیا۔
گرفتار لڑکی کی نشاندہی پر پولیس نے رات گئے چھاپہ مار کر دوسری لڑکی کو بھی گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش دونوں نے مالی مشکلات کو واردات کی وجہ قرار دیا۔ پولیس کے مطابق ایک لڑکی کرجی اور دوسری دیارا علاقہ کی رہنے والی ہے۔
پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا ان دونوں کو کسی جرائم پیشہ گروہ نے اس واردات کے لیے استعمال کیا یا رہنمائی فراہم کی۔ واقعہ کی مزید جانچ جاری ہے۔
