نئی دہلی: سونے کی قیمتیں جو مسلسل آسمان کو چھو رہی تھیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اچانک دباؤ بڑھنے کے باعث رک گئیں جس کے نتیجے میں ہندوستانی مارکیٹ میں سونا اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔
چہارشنبہ کے روز ٹریڈنگ کے دوران ملک کے دارالحکومت میں 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں 4,300 روپے کی کمی ہوئی اور یہ 1,49,100 روپے تک گر گئی۔ اسی طرح چاندی کی قیمت میں 4,347 روپے فی کلو کی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 2,50,000 روپے فی کلو پر آ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے جبکہ سونے کی بین الاقوامی قیمتیں گزشتہ 11 ہفتوں کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی ہیں جس سے سرمایہ کار محتاط ہو گئے ہیں۔عام طور پر جب شرحِ سود زیادہ ہوتی ہے تو سرمایہ کار بینک ڈپازٹس اور دیگر مقررہ منافع والی سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں
چونکہ سونا کوئی مستقل منافع فراہم نہیں کرتا اس لیے سرمایہ کار سونے میں سرمایہ کاری کم کر دیتے ہیں جس سے قیمتوں پر دباؤ پڑتا ہے۔اس کے علاوہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی نے بھی عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔
حیدرآباد مارکیٹ میں قیمتیں
آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق خالص 24 کیرٹ سونے کی قیمت 10 گرام پر 4,300 روپے کم ہو کر 1,47,870 روپے رہ گئی۔22 کیرٹ سونا جو زیورات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، 3,950 روپے کم ہو کر 1,35,450 روپے فی 10 گرام پر آ گیا۔
چاندی کی قیمت میں 10,000 روپے فی کلو کی کمی ہوئی اور یہ 2.50 لاکھ روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 4,100 ڈالر فی اونس سے نیچے چلی جاتی ہے تو قیمتوں میں مزید بڑی کمی آ سکتی ہے۔
صرف سونا اور چاندی ہی نہیں بلکہ پلاٹینم اور پیلاڈیم جیسے قیمتی دھاتوں کی صورتحال بھی اس وقت کمزور دکھائی دے رہی ہے۔البتہ عالمی کشیدگی اور غیر یقینی حالات کے باوجود تانبے جیسے
صنعتی دھات کی طلب میں کوئی خاص کمی نہیں آئی جو ایک دلچسپ بات ہے۔

