ایران اور عمان آبنائے ہرمز کے لیے نئے ضوابط مرتب کر رہے ہیں، روس میں ایرانی سفیر

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظام اور ضوابط کے لیے ایک نئے فریم ورک کی تشکیل پر مشاورت کر رہے ہیں۔

سینٹ پیٹرزبرگ بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر روسی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے جلالی نے کہا کہ تہران اور مسقط اس اہم آبی گذرگاہ کے انتظام کے لیے ایک مشترکہ طریقہ کار وضع کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کا حامی نہیں، تاہم خطے میں حالیہ پیش رفت نے نئے حالات پیدا کر دیے ہیں جن کے تناظر میں اس آبی راستے کے انتظام کے لیے نئی شرائط اور ضوابط زیر غور ہیں۔

ایرانی سفیر کے مطابق آبنائے ہرمز کھلی رہے گی، لیکن اس کے انتظام اور استعمال کے حوالے سے نئے قواعد متعارف کرائے جا سکتے ہیں، جن کا تعین ایران اور عمان باہمی مشاورت سے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں اور مستقبل میں واضح ہوگا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام کی حتمی شکل کیا ہوگی۔

ادھر ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے بھی حال ہی میں بتایا تھا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *