امریکی اڈوں پر سپاہ پاسداران انقلاب کا جوابی حملہ، آبنائے ہرمز مکمل بند کرنے کی دھمکی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب نے کویت میں امریکی فوج کے علی السالم ایئربیس اور بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے باقی اہم مراکز کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

سپاہ پاسداران کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی جزیرہ قشم اور سیریک میں پاسدارانِ انقلاب کے مواصلاتی ٹاورز پر امریکی ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ رات ڈیڑھ بجے چار ٹینکروں نے مطلوبہ رابطے اور اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کی۔ ایرانی بحریہ کی جانب سے وارننگ جاری کیے جانے کے بعد ایک ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دیگر جہاز واپس لوٹ گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تقریبا دو بجے امریکی ڈرونز نے جزیرہ قشم اور سیریک میں واقع دو مواصلاتی ٹاورز پر حملہ کیا، جس کے بعد فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ یا اس کے اتحادیوں کی جانب سے مزید حملے کیے گئے تو ایران کا ردعمل موجودہ کارروائیوں تک محدود نہیں رہے گا۔ مزید کشیدگی کی صورت میں آبنائے ہرمز کو تیل اور گیس کی برآمدات کے لیے مکمل طور پر بند کیا جا سکتا ہے، جس کے نتائج کی ذمہ داری امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوگی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *