امن کے بغیر سرمایہ کاری بے معنی ہے، ایرانی وزیر داخلہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور پائیدار خوشحالی کے لیے سب سے پہلی ضرورت امن و استحکام ہے، کیونکہ غیر محفوظ ماحول میں سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں ہوتا۔

بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ اور عوامی سلامتی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات غیر یقینی اور پیچیدہ ہیں اور بڑھتے ہوئے سلامتی کے خطرات کا مقابلہ کوئی ملک اکیلے نہیں کر سکتا۔

مومنی نے شنگھائی تعاون تنظیم کو اکیسویں صدی کی ایک اہم علاقائی و بین الاقوامی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم جغرافیائی سیاست، معیشت، امن اور استحکام کے میدان میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی سلامتی کے اس تصور پر یقین رکھتا ہے جس کے تحت خطے کے ممالک خود اپنے مسائل حل کریں اور ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔

ایرانی وزیر داخلہ نے یکطرفہ پابندیوں اور دوہرے معیار کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات امن و استحکام کو فروغ دینے کے بجائے عدم اعتماد اور بے یقینی میں اضافہ کرتے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *