
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر ولی رحمانی نے کہا ہے کہ ایرانی فوج تاریخ کے ہر دور میں دشمنوں کے مقابل ڈٹ کر کھڑی رہی ہے اور کسی بھی دشمن کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتی۔
گیلان کے شہر صومعہ سرا میں فوج کے 202 شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے بعد فوج نے دیگر مسلح افواج کے ساتھ مل کر وطن کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا اور بے شمار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فوجی وطن دوستی اور ولایت سے وفاداری کا عملی نمونہ ہیں اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار رہتے ہیں۔
بریگیڈیئر رحمانی نے شہداء کو قوم کے حقیقی ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ایران ایسے عظیم فرزندوں سے مالا مال ہے جنہوں نے اپنے وطن اور عوام کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیلان کے گورنر ہادی حقشناس نے کہا کہ شہداء اسلامی نظام کا دائمی سرمایہ ہیں اور آج ملک کی سلامتی، اقتدار اور عزت انہی کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
اس موقع پر صومعہ سرا کے رکن پارلیمنٹ سعید رحمتزاده نے کہا کہ ایرانی فوج دفاع وطن کے ساتھ ساتھ محروم علاقوں کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ صومعہ سرا میں فوج کے 202 شہداء کی پہلی یادگاری تقریب میں مقامی، صوبائی اور قومی حکام کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
