ایرانی ائیر ڈیفنس نے دشمن کے ڈرون بیڑے کو بھاری نقصان پہنچایا، آرمی کمانڈر

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے مشترکہ فضائی دفاعی ہیڈکوارٹر اور بری فوج کے فضائی دفاعی دستے کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی رضا الہامی نے کہا ہے کہ دشمن اب خود MQ-9 ریپر ڈرونز کے نقصان کا اعتراف کر رہا ہے، جو اس کی فضائی حکمت عملی میں اسٹریٹجک جاسوسی، اطلاعات جمع کرنے اور ٹارگٹڈ حملوں کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی فضائی دفاع نے جدید ریڈار سسٹمز، تیز رفتار معلوماتی تجزیے اور جدید دفاعی تدابیر کے ذریعے ان یکطرفہ فضائی کارروائیوں کا رخ موڑ دیا اور دشمن کو غیر معمولی نقصان پہنچایا۔

الہامی کے مطابق دشمن نے MQ-9 ریپر، ہرمس900، آربیٹر، لوکاس اور ہرمس 450 سمیت بڑی تعداد میں جدید ڈرونز میدان جنگ میں استعمال کیے، تاہم ایرانی افواج نے منتشر دفاعی حکمت عملی، الیکٹرانک دھوکے اور انتہائی درست جوابی کارروائیوں کے ذریعے ان ڈرون حملوں کی مؤثریت کو نمایاں طور پر کم کر دیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ جنگ رمضان کے دوران ایرانی بری فوج اور سپاہ پاسداران کے فضائی دفاعی یونٹس نے ریپر کے علاوہ ہیرون، ہرمس900، آربیٹر، ہرمس450 اور لوکاس جیسے متعدد جدید ڈرونز کو بھی مار گرایا۔

کمانڈر نے مقامی آبادی، بالخصوص قبائلی اور خانہ بدوش برادریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف عسکری سازوسامان کی تباہی تک محدود نہیں بلکہ فضائی دفاع اور ڈیٹرنس کے تصور کی نئی تعریف بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی فضائی دفاع نے دشمن کے نگرانی، شناخت، ہدف بندی اور حملے کے مکمل سلسلے کو متاثر کر کے اس کی حقیقی وقت میں فیصلہ سازی کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *