[]
کولکاتہ: جو روٹ (60) اور بین اسٹوکس (84) کے درمیان سنچری پارٹنرشپ کے بعد منظم گیند بازی اور چست فیلڈنگ کی بدولت انگلینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے اپنے آخری لیگ میچ میں ہفتہ کے روز پاکستان کو 93 رن سے شکست دے کر اپنی مہم کا اختتام کیا۔
ایڈن گارڈن گراؤنڈ پر انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 337 رن بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 244 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس کے دونوں سلامی بلے باز بالترتیب صفر اور ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں انہوں نے آغا سلمان کو آؤٹ کر کے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 100 وکٹ مکمل کی۔ عادل رشید، گس اٹکنسن اور معین علی نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس بوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے ساتھ ہی پاکستان بھی ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا ہے۔ اب سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 15 نومبر کو ممبئی میں ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے 16 نومبر کو ایڈن گارڈن، کولکتہ میں ہوگا۔
موجودہ ورلڈ کپ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے لیے مایوس کن رہا ہے۔ اس نے لیگ کے 9 میں سے صرف تین میچ جیتے ہیں، جب کہ پاکستان نے اتنے ہی میچوں میں سے چار جیتے ہیں۔
ڈیوڈ ملان (31) اور جونی بیرسٹو (59) نے 82 رن کی شراکت بنا کر انگلینڈ کو مضبوط بنیاد فراہم کی، بعد ازاں جو روٹ اور بین اسٹوکس نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو بڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہونے سے قبل اسٹوکس نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی ٹیم کے لیے قیمتی اسکور بنائے۔ مڈل آرڈر کی جان سمجھے جانے والے اسٹوکس نے بھی آج اچھی بلے بازی کی۔ وہ آفریدی کی گیند پر بیک ورڈ پوائنٹ پر کھڑے شاداب خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
آخری آٹھ اوورز میں ہیری بروک (30) اور کپتان جوس بٹلر (27) نے گیئرز بدلے اور رن کی رفتار میں اضافہ کیا۔ بروک نے 17 گیندوں کی اپنی مختصر اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ بٹلر نے 18 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔