ایران عزت مندانہ فریم ورک کے لیے تیار، فریق مخالف کو وعدہ پورا کرنا ہوگا، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں جاری جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک عزت مندانہ فریم ورک کے حصول کے لیے اسلامی جمہوری ایران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ایک دوسرے کو دلی مبارکباد پیش کی اور دونوں مسلم ممالک کی حکومتوں اور عوام کے لیے پائیدار امن، خوشحالی اور استحکام کی دعا کی۔

صدر مسعود پزشکیان نے اس گفتگو میں امن کی راہ میں قطر کی حکومت کی مسلسل اور تعمیری کوششوں، بالخصوص امیرِ قطر کے ذاتی اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ سے سفارتی اصولوں اور معاہدوں کی روح کا پابند رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے مذاکرات کی راہ میں اپنی صداقت اور پاسداری کو ثابت کر دیا ہے؛ اب وقت آ گیا ہے کہ دوسرا فریق بھی اپنے ارادے کا مظاہرہ کرے اور عمل و نظریے دونوں میدانوں میں اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے۔

صدر پزشکیان نے ایک جامع اور منصفانہ معاہدے کے حصول کے لیے امیرقطر کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے ایک واضح راستہ فراہم کرنے کی خاطر پیشِ نظر دستاویزات اور مسودات کو حتمی شکل دینے کے لیے ماہرین کی سطح پر سنجیدہ اور تکنیکی کام جاری ہے۔

گفتگو کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تنازعات کے خاتمے کے لیے حتمی معاہدے کے حصول پر امید کا اظہار کیا اور دوحہ کے مستقل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی حکومت علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کی راہ میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی اور اپنے تعمیری ثالثی کردار کو تندہی سے جاری رکھے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *