جیتو پٹواری نے اپنے خط میں کہا کہ حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی عوام کو کفایت شعاری، سادگی اور مالی نظم و ضبط کا سبق دے رہی ہے، جبکہ دوسری طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے بلوں اور کسانوں کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں صرف عوام سے قربانی مانگنا مناسب نہیں، بلکہ حکومت کو بھی مثال قائم کرنی چاہیے۔
انہوں نے ریاست میں ایک سال کے لیے سرکاری تقریبات اور بڑے پروگراموں پر پابندی عائد کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ کسان خودکشی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں، نوجوان مایوسی کا شکار ہیں اور قبائلی علاقوں میں غذائی قلت جیسے مسائل موجود ہیں۔ ایسے وقت میں کروڑوں روپے خرچ کرکے سرکاری تقریبات کا انعقاد عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
