ہنتا وائرس سے متاثرہ ڈچ کروز شپ ’ایم وی ہونڈیئس‘ پر تین اموات کے بعد کئی ممالک نے ہنگامی طبی اور حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں، جبکہ مختلف ملکوں کے مسافروں اور عملے کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ اس واقعے نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے اور متعدد حکومتیں اپنے شہریوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔
جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کے مطابق چار جرمن مسافروں کو بحفاظت نکال کر نیدرلینڈ کے راستے جرمنی پہنچایا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ ان میں سے ایک مسافر کو برلن کے ایک اسپتال میں داخل کیا جائے گا، جبکہ دیگر افراد کو ان کے آبائی علاقوں میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ایک 65 سالہ جرمن خاتون پہلے ہی اسپتال میں زیر علاج ہیں کیونکہ وہ اس مسافر کے رابطے میں آئی تھیں جس کی وائرس سے موت ہوئی تھی۔
