حج عازمین کے لئے ریونت ریڈی کا بڑا تحفہ، اضافی 10 ہزار روپے حکومت ادا کرے گی – تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی تقریب سے خطاب

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے حج ہاؤز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے حج عازمین کی بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر وزیر محمد اظہرالدین، سرکاری مشیر محمد علی شبیر، صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی ؛ وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی حج کمیٹی چیرمین افضل بیابانی سمیت مختلف عوامی نمائندے اور اقلیتی اداروں کے ذمہ داران موجود تھے۔

 

اپنے خطاب میں چیف منسٹر نے عازمین حج  کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے ہمیشہ سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان ان کی دو آنکھوں کی مانند ہیں اور دونوں برادریاں بھائی چارے کے ساتھ تلنگانہ کی ترقی کے لیے آگے بڑھیں۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی آبادی کے تناسب سے انہیں فلاحی اسکیمات فراہم کرے گی۔ چیف منسٹر نے مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کالر ملازمتیں خطرے میں پڑ رہی ہیں، اس لیے نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت حاصل کرکے بلیو کالر جابس کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے طلبہ کو اے ٹی سی، پالی ٹیکنک اور اسکل یونیورسٹی جیسے اداروں سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا۔

 

ریونت ریڈی نے کہا کہ امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے علاوہ جاپان، جرمنی اور جنوبی کوریا جیسے ممالک میں بھی روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس لیے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ ایران جنگ کے سبب پٹرول قیمتوں میں اضافے کو بنیاد بنا کر حج یاتریوں پر فی کس 10 ہزار روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا تھا، تاہم حکومت نے 7 ہزار حاجیوں پر پڑنے والا یہ اضافی خرچ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

چیف منسٹر نے گزشتہ سال حج کے دوران پیش آنے والے بس حادثے کا بھی ذکر کیا، جس میں 44 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا گیا۔

 

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی مشکل گھڑی میں اقلیتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ آخر میں چیف منسٹر نے کہا کہ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار حج ادا کرے، اور حج پر جانے والے تلنگانہ کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کریں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *