حیدرآباد: ریٹائرڈ آئی پی آفیسر کی بیوی کے قتل میں ملوث گھریلو ملازمہ کی تلاش

حیدرآباد ۔حیدرآباد کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں پیش آنے والی ایک سنسنی خیز واردات نے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ متحدہ آندھرا پردیش کے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) اور ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر ونئے رنجن رے کی اہلیہ کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا جبکہ گھر سے طلائی زیورات اور نقد رقم بھی لوٹ لی گئی۔ اس واردات میں ان کی گھریلو ملازمہ ملوث بتائی گئی ہے۔

 

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جوبلی ہلز کے پرشانت نگر علاقے میں پیش آیا جہاں ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ نیپال سے تعلق رکھنے والی گھریلو ملازمہ کلپنا اس واردات کی مرکزی ملزمہ ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس نے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر پوری منصوبہ بندی کے تحت اس جرم کو انجام دیا۔

 

ذرائع کے مطابق ملزمین پہلے خاتون کے ہاتھ باندھے، پھر ان کے منہ میں کپڑا ٹھونس دیا جس کے باعث دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ قتل کے بعد ملزمین گھر میں موجود سونے کے زیورات اور نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری جمیعت موقع پر پہنچ گئی۔ سی وی آنند اور وی سی سجنار نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو ملزمین کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔

 

کمشنر پولیس وی سی سجنار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر شبہ ہے کہ اس واردات کے پیچھے ایک نیپالی گینگ ملوث ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو چند اہم سراغ ملے ہیں اور انہی کی بنیاد پر تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں

 

اس دل دہلا دینے والے واقعہ کے بعد علاقے کے رہائشیوں میں شدید خوف پایا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ملزمین کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *