
ممبئی: ریاست مہاراشٹرا کے نندوربار ضلع کے نواپور میں برڈ فلو کی خطرناک وبا پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے صرف 4 دنوں میں تقریباً 2 لاکھ مرغیاں ماری گئی ہیں اور لاکھوں انڈے تلف کر دیے گئے ہیں۔
اس دوران انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر مرغیاں مارنے کی مہم شروع کر دی ہے اور علاقے کے لوگوں سے مرغی کا گوشت اور انڈے نہ کھانے کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلے میں ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے ناسک ضلع اور دیگر علاقوں میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ریاست کے نندوربار ضلع میں برڈ فلو کے سبب کئی پولٹری فارموں میں مرغیاں انفیکشن سے متاثر پائی گئی ہیں جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولٹری فارموں میں جہاں مرغیاں متاثر پائی گئی ہیں وہاں تمام مرغیوں کو تلف کر دیا گیا ہے۔ انڈوں کو بھی تباہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کے لوگوں کو مرغی اور انڈے کھانے سے منع کیا گیا ہے
اور ان سے اپنی صحت کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔نواپور علاقے میں برڈ فلو کے قہر کے مدنظر انتظامیہ نے سخت قدم اٹھائے ہیں۔ گزشتہ 4 دنوں میں 8 پولٹری فارموں سے 1 لاکھ 93 ہزار 667 مرغیوں کو مارا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 8 لاکھ سے زیادہ انڈے تلف کئے گئے ہیں اور تقریباً 21.22 میٹرک ٹن مرغیوں کا کھانا زمین میں دفن کردیا گیاہے۔
محکمہ مویشی پروری کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سنجے کھاچنے نے یہ معلومات فراہم کی ہے۔ انتظامیہ برڈفلو انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جنگی پیمانے پر متبادل تلاش کررہا ہے۔ علاقے میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔اس دوران نندوربار ضلع کے نواپور تعلقہ میں برڈ فلو کی وجہ سے انتظامیہ مستعد ہو گیا ہے۔
3 پولٹری فارموں میں برڈ فلو کے معاملے سامنے آنے کے بعد ضلع کلیکٹر ڈاکٹر متالی شیٹھی نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اسی کے مدنظر بڑے پیمانے پر مرغیوں کو مارنے کی مہم چلائی جارہی ہے اور اس کے لیے تقریباً 150 ملازمین کی 25 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انفیکشن کو روکنے کے لیے 1 کلومیٹر، 3 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کے دائرے میں علاقوں کی نشاندہی کرکے متبادل کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دیگر پولٹری فارموں سے نمونے لے کر بھوپال کی لیباریٹری میں بھیجے گئے ہیں اور ان کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔ مرغیوں کی اچانک موت، کھانا اور پانی کی کمی، سُستی یا انڈے کی پیدوار میں کمی ہونے پر فوری انتظامیہ کو اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
