دہلی کی ایک ضلع عدالت کے نوجوان جج امن کمار شرما نے بیوی کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی .جن کی نعش ہفتے کے روز صفدرجنگ علاقے میں واقع گھر سے خودکشی کے بعد برآمد ہوئی، ان کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کی طرف سے “ہراسانی” کا شکار تھے۔
30 سالہ جج ، جو کڑکڑڈوما کورٹ میں تعینات تھے، اپنی گرین پارک مین میں واقع دوسری منزل کے فلیٹ کے باتھ روم میں پھندے سے لٹکے ہوئے پائے گئے۔ پولیس کے مطابق دروازہ اندر سے بند تھا، جس کے بعد سیکیورٹی نے یوٹیلٹی شافٹ کے ذریعے کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہو کر نعش نکالی۔ انہیں تقریباً 1:30 بجے صفدرجنگ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
اگرچہ پولیس نے موت کی وجہ سے متعلق باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم ایک رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ جج گزشتہ چند ہفتوں سے گھریلو تنازعات کا سامنا کر رہے تھے۔ ان کے مطابق واقعے کے وقت جج کی اہلیہ اور والد گھر میں موجود تھے۔
رشتہ دار کے مطابق جج کے والد جمعہ کو الور سے دہلی پہنچے تھے جب انہیں بیٹے کی جانب سے پریشانی کا فون موصول ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان تقریباً دو ماہ سے گھریلو اختلافات چل رہے تھے۔
رشتہ دار نے مزید الزام عائد کیا کہ جج کی سالی، جو جموں و کشمیر میں تعینات آئی اے ایس عہدیدار ہیں، بھی ان کے معاملات میں مداخلت کرتی تھیں۔
انہوں نے اے این آئی سے گفتگو میں کہا کہ جج نے اپنے والد کو بتایا تھا کہ انہیں پچھلے دو ماہ سے ہراسانی کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق جج کی اہلیہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ گھر سے نہ گئے تو پولیس کو بلا لیا جائے گا۔ بعد ازاں گھر میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں واقعہ کی اطلاع ایک رشتہ دار کے ذریعہ ملی اور وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات میں کسی فاؤل پلے کے شواہد نہیں ملے، تاہم تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔گھر والوں کے مطابق نعش کو آخری رسومات کے لیے الور منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جج نے 19 جون 2021 کو دہلی جوڈیشل سروس جوائن کی تھی۔ وہ مختلف فوجداری اور دیوانی مقدمات کی سماعت کر چکے تھے۔
