مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی اخبار یدیعوت احارونوت کے دفاعی تجزیہ کار نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ کے خودکش ڈرونز کے مقابلے میں اسرائیل کے پاس کوئی مؤثر دفاعی نظام موجود نہیں، اور یہ خطرہ مستقبل میں جنگ کے نتائج کو تبدیل کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوجی تجزیہ کار یوسی یهوشع نے حزب اللہ کے خودکش ڈرونز کے بڑھتے ہوئے خطرے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کوئی بھی دفاعی نظام ایسا نہیں جو ان ڈرونز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکے۔
یوسی یهوشع نے کہا کہ اس وقت خودکش ڈرونز کے خلاف کوئی کارآمد دفاعی نظام موجود نہیں۔”
انہوں نے مزید اعتراف کیا کہ حتی کہ اسرائیلی دفاعی کمپنی رافائل یا دنیا کا کوئی بھی دوسرا ادارہ ایسا نظام تیار نہیں کر سکا جو میزائلوں کے خلاف استعمال ہونے والے دفاعی نظاموں جیسا مضبوط اور قابل اعتماد جواب فراہم کرسکے۔
اسرائیلی تجزیہ کار کے مطابق، ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع ہونے کے امکان کے پیش نظر اسرائیلی فوجی کمانڈر مسلسل تیاریوں میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی خودکش ڈرونز کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے کوئی حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حزب اللہ کے ڈرونز جنگی میدان میں ایک فیصلہ کن عنصر بن سکتے ہیں اور مستقبل میں جنگ کے رخ اور توازن کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
