
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے غزہ کی جانب جانے والے بین الاقوامی انسانی امدادی قافلے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور عالمی ضمیر پر حملہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ صمود فلوٹیلا ایک خالصتاً انسانی اور بین الاقوامی اقدام ہے، جس میں دنیا کے درجنوں ممالک کے افراد فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کا غیر قانونی محاصرہ توڑنے کے مقصد سے شریک تھے، تاکہ وہاں کے شہریوں تک ضروری امداد پہنچائی جاسکے۔
بقائی نے کہا کہ صمود قافلے پر حملہ صرف ایک امدادی مشن پر حملہ نہیں، بلکہ یہ بیدار عالمی ضمیر اور مشترکہ انسانی اقدار پر کاری ضرب ہے۔
ایرانی ترجمان نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گرفتار شدہ افراد کو کتزیعوت جیل منتقل کیا گیا ہے، جسے سخت اور غیر انسانی حالات کے باعث بدنام سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے ساتھ صہیونی حکومت کے نام نہاد داخلی سلامتی کے وزیر کا توہین آمیز اور غیر انسانی رویہ اسرائیلی حکومت کی اخلاقی پستی کا واضح ثبوت ہے۔
بقائی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کی بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط مؤقف اپنائیں، قابض قوتوں کو جوابدہ بنائیں اور غزہ کے عوام کے لیے جاری انسانی امدادی مہم کی غیر مشروط حمایت کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی تحویل میں موجود صمود فلوٹیلا کے تمام افراد کو فوری اور غیر مشروط رہا کیا جائے۔
