مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی صدر نے کہا ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں توسیع درست فیصلہ تھا، دوبارہ حملے کی صورت میں خطے اور دنیا کو سنگین نتائج کا سامنا ہوگا
تفصیلات کے مطابق ولادیمیر پوتین اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں روسی صدر نے امریکی ہم منصب کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف دوبارہ جارحانہ اقدامات کیے تو اس کے خطے اور دنیا پر نہایت سنگین اور خطرناک نتائج مرتب ہوں گے۔
گفتگو کے دوران پوٹن نے ٹرمپ کو بتایا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ درست تھا اور ضروری ہے کہ مذاکرات کے لیے مناسب موقع فراہم کیا جائے۔
ٹیلیفونک گفتگو میں پوتین اور ٹرمپ نے یوکرین بحران پر بھی بات چیت کی اور کیف حکومت کے طرزعمل کے بارے میں تقریباً یکساں مؤقف اختیار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ولادیمیر زیلنسکی یورپی ممالک کی حمایت کے ساتھ جنگ کو طول دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
