جودھپور/احمدآباد: راجستھان ہائی کورٹ نے بدھ کے روز ریپ مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے خود ساختہ مذہبی رہنما آسارام کی عبوری ضمانت میں طبی وجوہات کی بنیاد پر 25 مئی تک توسیع کر دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ ایک درخواست پر سماعت کے بعد سنایا، جس میں کہا گیا تھا کہ زیر علاج ہونے کے باعث ضمانت کی مدت میں اضافہ ضروری ہے۔
یہ حکم قائم مقام چیف جسٹس ایس پی شرما اور جسٹس سنگیتا شرما پر مشتمل بنچ نے جاری کیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ عبوری راحت 25 مئی تک یا ہائی کورٹ کی جانب سے زیر التوا مجرمانہ اپیل پر فیصلہ آنے تک، جو بھی پہلے ہو، برقرار رہے گی۔ آسارام کی اپیل پر عدالت پہلے ہی سماعت مکمل کر چکی ہے اور فیصلہ محفوظ رکھا گیا ہے۔
