تلنگانہ کے عادل آباد کی مسجد اقصیٰ کے احاطہ میں آتشزدگی، 4 موٹر سائیکل خاکستر، کار کو بھی نقصان

عادل آباد:  تلنگانہ کے عادل آباد شہر کے خانہ پور کالونی میں مسجد اقصیٰ کے احاطہ سے متصل علاقے میں منگل کی دوپہر اچانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں چار موٹر سائیکل مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ ایک موٹر سائیکل جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ اس کے علاوہ قریب کھڑی ایک کار کو بھی نقصان پہنچا، تاہم بروقت اقدام سے بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق تیز دھوپ کے باعث مقامی افراد نے اپنی دو پہیہ گاڑیاں مسجد کے احاطہ میں نیم کے درخت کے سائے میں کھڑی کی تھیں۔ اسی دوران ایک موٹر سائیکل میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے دیگر گاڑیوں تک پھیل گئی۔ آگ کی شدت کے باعث چند لمحوں میں چار موٹر سائیکل مکمل طور پر جل گئیں جبکہ ایک اور گاڑی تقریباً 50 فیصد متاثر ہوئی۔

 

واقعہ کے فوری بعد مقامی افراد نے الیکٹرک پمپ سیٹس اور دیگر وسائل کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی اور آخرکار آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔ تاہم فائر بریگیڈ کو اطلاع دینے کے باوجود کوئی فائر انجن موقع پر نہیں پہنچ سکا، جس پر عوام میں ناراضگی پائی گئی۔ مقامی کونسلر کو بھی اطلاع دی گئی، مگر وہ بھی جائے وقوع پر نہیں پہنچے۔

 

اس حادثہ میں جن کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ان میں قابل ذکر متاثر مسجد اقصیٰ کے امام مولانا شیخ اکبر کے علاوہ سید عمران، شیخ نوشاد، محمد بلال اور ایم اے فہیم شامل ہیں۔ محمد بلال کی موٹر سائیکل جزوی طور پر متاثر ہوئی جبکہ ایک کار کو بھی معمولی نقصان پہنچا، جسے مالک نے بروقت ہٹا کر بڑے نقصان سے بچا لیا۔

 

اطلاع ملنے پر پولیس عملہ موقع پر پہنچا اور متاثرہ گاڑی مالکان کی تفصیلات حاصل کیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مالی نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔ متاثرین نے ضلع انتظامیہ سے نقصان کے ازالے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *