
تلنگانہ حکومت کو بڑا ریلیف حاصل ہوا ہے، کیونکہ ریاست میں دو ایم ایل سی کی تقرری کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ گورنر شیو پرتاپ شکلا نے آج وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور پروفیسر کودنڈرام کی ایم ایل سی نامزدگیوں کو منظوری دے دی۔
تلنگانہ کابینہ نے گزشتہ سال 30 اگست کو ان دونوں ناموں کی سفارش گورنر کو بھیجی تھی، تاہم اس پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا تھا۔ وزیر اظہرالدین کو آئینی تقاضے کے مطابق چھ ماہ کے اندر کسی ایوان کا رکن بننا ضروری تھا، جس کی میعاد 30 اپریل کو ختم ہونے والی تھی، جس سے حکومت میں تشویش پائی جا رہی تھی۔
حال ہی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک بھون میں گورنر سے ملاقات کر کے اس معاملے پر جلد فیصلہ لینے کی درخواست کی تھی۔ اس پس منظر میں آج گورنر نے فائل پر دستخط کر دیے، جبکہ اس سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کی توقع ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف وزیر اظہرالدین بلکہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور پوری حکومت کے لیے ایک بڑی راحت قرار دی جا رہی ہے۔
