
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کے حالیہ حملے دفاعی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت خود دفاع کے حق کے مطابق انجام دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بقائی نے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرب لیگ کو چاہیے کہ وہ بعض رکن ممالک کے یک طرفہ اور غیر تعمیری مؤقف کے اثر سے نکل کر اپنے طرزِ عمل کو متوازن بنائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں خاص طور پر طاقت کے استعمال سے گریز اور تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے اصول پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسماعیل بقائی نے حالیہ حملوں کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے جنوبی ساحلوں پر موجود بعض ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کے خلاف ایران کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جائز دفاع کے حق کے مطابق کیے گئے۔
بقائی نے بین الاقوامی قوانین میں عدم مداخلت کے اصول کا حوالہ دیتے ہوئے خطے کے ممالک کو خبردار کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہ دیں۔ جو علاقائی حکومتیں کسی بھی صورت میں، چاہے اڈے فراہم کر کے، رسائی دے کر یا لاجسٹک اور انٹیلی جنس تعاون کے ذریعے، امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں شامل رہیں، وہ ان اقدامات کے نتائج کی بین الاقوامی سطح پر ذمہ دار ہوں گی اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
