مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان لبنان میں جنگ بندی کے معاملے کو سنجیدگی سے ہینڈل کر رہا ہے اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں اور سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ رہبر انقلاب کی شہادت پاکستان کے بہت سے عوام کے لیے گہرے غم اور سوگ کا سبب بنی، جس کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں اجتماعات اور احتجاجی مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے پہلے ہی دن انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ایران اور پاکستان کی سرحدوں پر کسی قسم کا سکیورٹی واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان امن و استحکام انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
پاکستانی آرمی چیف نے کہا کہ وہ لبنان میں جنگ بندی کی اہمیت کو پوری طرح سمجھتے ہیں اور اس مسئلے کو مسلسل فالو کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی کوششیں اور مشاورت کو پوری سنجیدگی سے جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ جلد ایک بار پھر اسلام آباد میں قالیباف سے ملاقات کا موقع ملے گا۔
