عادل آباد میں ایرپورٹ کے قیام کی تیاریاں زوروں پر

عادل آباد، 17/ اپریل (اردو لیکس)عادل آباد میں ایک مکمل ایئر فورس اسٹیشن اور شہری ہوائی اڈے کے قیام کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ مرکزی وزارتِ دفاع کے دائرہ کار میں مجوزہ اس بڑے منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 1540 ایکڑ زمین درکار ہوگی۔ ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے جمعہ کے روز “او ایل ایس” (OLS) جوائنٹ فیلڈ سروے مکمل کیا گیا، جس میں مرکزی وزارتِ دفاع اور ایئر فورس اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سروے ٹیم آئندہ 20 دنوں میں اپنی تفصیلی رپورٹ مرکز کو پیش کرے گی، جس کے بعد ماسٹر پلان اور زمین کے حصول سے متعلق حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔

 

مقامی بی جے پی رکنِ اسمبلی پائل شنکر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ہوائی اڈہ جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا اور براہِ راست ایئر فورس کی نگرانی میں تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 2.5 کلومیٹر طویل رن وے بھی تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ دفاع کے پاس پہلے سے 369 ایکڑ زمین موجود ہے، جبکہ ریاستی حکومت نے مزید 450 ایکڑ زمین فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بقیہ زمین کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے بند پڑی سی سی آئی (CCI) سیمنٹ فیکٹری کی تقریباً 700 ایکڑ اراضی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

ایم ایل اے نے یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے سے متاثر ہونے والے افراد کو حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ دیا جائے گا اور رہائشی مکانات کو کم سے کم نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

 

اس موقع پر سروے ٹیم کے اعلیٰ حکام جے پی سبریال، ایس جی اگرا، راجیو شکلا اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ پائل شنکر نے اس منصوبے کو عادل آباد کے لیے ایک نئے اور سنہری دور کی شروعات قرار دیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *