فضاؤں میں گونجے گا “لبیک اللہم لبیک” — عازمینِ حج کی پہلی پروازیں کل ہفتہ سے روانہ

حج سیزن کا باقاعدہ آغاز: عازمینِ حج کی پروازیں کل سے روانہ

 

ممبئی: فریضۂ حج کی ادائیگی کے لئے روانہ ہونے والے ہندوستانی عازمینِ کرام کے قافلوں کا سلسلہ کل 18 اپریل بروز ہفتہ سے شروع ہو رہا ہے۔ ممبئی سمیت ملک کے دیگر پانچ امبارکیشن پوائنٹس سے پہلی پروازیں اڑان بھریں گی، جس کے ساتھ ہی حج آپریشن کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔

 

حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں روانہ ہونے والے عازمین کو 3 مئی تک مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، جہاں وہ روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کریں گے۔ دوسرے مرحلے کا آغاز 5 مئی سے ہوگا، جس میں عازمین کی پروازیں جدہ کے لئے روانہ ہوں گی۔ یہ قافلے مناسکِ حج کی ادائیگی کے بعد طے شدہ شیڈیول کے مطابق مدینہ منورہ جائیں گے۔

 

ذرائع کے مطابق پہلی پرواز کے عازمین کو پیشگی اطلاع دے دی گئی ہے اور تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ممبئی سے عازمینِ حج کا آخری قافلہ 20 مئی کو روانہ ہوگا، جو نہ صرف شہر بلکہ ملک بھر سے روانہ ہونے والی آخری حج پرواز بھی ہوگی۔

 

تفصیلات کے مطابق 18 اپریل کو صرف ممبئی سے دو خصوصی پروازیں روانہ ہوں گی، جن میں سے ایک طیارے میں 302 عازمین کی گنجائش ہوگی۔ اس طرح پہلے ہی دن سینکڑوں عازمین حرمین شریفین کے سفر پر روانہ ہوں گے۔

 

ممبئی کے علاوہ دہلی، گوہاٹی، کولکاتا، سری نگر اور وجے واڑہ سے بھی اسی روز عازمینِ حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔

 

حج حکام نے تمام عازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ پرواز سے کم از کم 24 گھنٹے قبل رپورٹ کریں تاکہ امیگریشن، سیکیورٹی اور دیگر ضروری کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *