
فاسٹ ٹیگ پر بڑی کارروائی کا اعلان — غلط استعمال پر فوری بلاک، ہزاروں صارفین متاثر ہوسکتے ہیں
نئی دہلی: ملک بھر میں فاسٹ ٹیگ استعمال کرنے والوں کیلئے ایک اہم اور سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے واضح کیا ہے کہ اب فاسٹ ٹیگ کے غلط استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی فاسٹ ٹیگ کا نمبر متعلقہ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے مطابقت نہیں رکھتا تو ایسے فاسٹ ٹیگ کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے فوری طور پر بلاک کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام بینکوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فاسٹ ٹیگ جاری کرتے وقت گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مکمل اور لازمی تصدیق کریں تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکا جاسکے۔
نئے قواعد کے تحت ایک ہی گاڑی کیلئے ایک سے زائد فاسٹ ٹیگ رکھنا یا کسی دوسرے گاڑی پر فاسٹ ٹیگ کا استعمال کرنا سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ ایسے معاملات میں نہ صرف فاسٹ ٹیگ کو ان ایکٹو کردیا جائے گا بلکہ اسے بلیک لسٹ میں بھی شامل کیا جائے گا، جس کے بعد ٹول پلازہ پر لین دین ممکن نہیں ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں فاسٹ ٹیگ کے غلط استعمال اور دھوکہ دہی کے کئی معاملات سامنے آئے ہیں، جن کی روک تھام کیلئے یہ سخت اقدامات ناگزیر ہوگئے تھے۔ ان نئے ضوابط کے نفاذ سے ٹول کلیکشن سسٹم میں شفافیت آئے گی، ریونیو کے نقصانات میں کمی ہوگی اور صارفین کو بہتر سہولت فراہم کی جاسکے گی۔
اتھارٹی نے تمام صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے فاسٹ ٹیگ کی تفصیلات چیک کریں اور یقینی بنائیں کہ وہ درست گاڑی کے ساتھ ہی منسلک ہے، ورنہ کسی بھی وقت ان کا فاسٹ ٹیگ بلاک ہوسکتا ہے۔
