
کاماریڈی(سیدکوثرعلی کی رپورٹ)
تلنگانہ کے کاماریڈی.ضلع بھکنور منڈل کے رامیشور پلی گاؤں کے قریب قومی شاہراہ 44 پر جمعہ کی آدھی رات پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک تیز رفتار خانگی ٹورسٹ بس نے پیچھے سے ایمبولینس کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایمبولینس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں ایمبولینس ڈرائیور شیخ سردار (35) اور مریضہ صالحہ بانو (70) موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ مریضہ کے شوہر سیف اللہ خان شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متوفیہ صالحہ بانو کا تعلق عادل آباد سے تھا اور وہ حیدرآباد کے ایک خانگی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ صحت میں بہتری کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی مقام منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی بھکنور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمی کو فوری طور پر کاماریڈی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ بظاہر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ مقدمہ درج کر کے بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
