
بحرین میں ایک کمپنی پر مبینہ ایرانی حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایمیزون کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ یونٹ کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق یہ دعویٰ ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے کیا گیا ہے، جبکہ بحرین کی وزارت داخلہ نے پہلے ہی تصدیق کی تھی کہ سول ڈیفنس ٹیمیں ایک کمپنی کی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا رہی ہیں۔
حکام نے ابتدائی طور پر کمپنی کی شناخت، نقصان کی نوعیت یا جانی نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس پس منظر میں پیش آیا ہے جب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی کمپنیوں، جن میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی شامل ہیں، کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
ایمیزون نے فنانشل ٹائمز کی اس رپورٹ پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ اس سے قبل کمپنی نے بھی اعتراف کیا تھا کہ اس کا بحرین میں موجود ایمیزون ویب سروسز کا خطہ جاری کشیدگی کے دوران متاثر ہوا ہے، جو ایک ماہ کے اندر دوسری مرتبہ اس نوعیت کی رکاوٹ ہے۔
واضح رہے کہ ایمیزون ویب سروسز عالمی سطح پر ویب سائٹس اور سرکاری نظاموں کیلئے بنیادی کلاؤڈ انفراسٹرکچر فراہم کرتی ہے، اور یہ کمپنی کی آمدن کا بھی اہم ذریعہ ہے۔
