
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے اٹھترویں مرحلے میں ایران نے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائی “یا دلیل المتحیرین” کے مقدس نعرے کے ساتھ انجام دی گئی۔
سپاہ کے مطابق اس آپریشن میں ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب کے بعض علاقوں کے علاوہ خطے میں موجود امریکی فوج کے بعض اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور ان اہداف پر درست نشانے پر مارنے والے میزائلوں اور حملہ آور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔
سپاہ پاسداران نے کہا کہ یہ کارروائی ملک کے عوام خصوصا مشرقی ایران کے صوبوں خراسان شمالی، خراسان رضوی، خراسان جنوبی اور سیستان و بلوچستان کے نام سے منسوب کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سپاہ پاسداران اس وقت موثر کارروائیوں کے ذریعے دشمن کو ناکوں چنے چبوا رہی ہے جبکہ سپاہ اور بسیج کی بڑی جنگی قوت ابھی مکمل طور پر میدان میں نہیں اتری۔ اگر ضرورت پڑی تو ان افواج کی شمولیت سے جنگ مزید شدید ہوسکتی ہے اور دشمن کے لیے صورتحال زیادہ خطرناک بن جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ آئندہ گھنٹوں میں دشمن کی کسی بھی نئی کارروائی یا سازش پر ایران کی طرف سے فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
