واضح رہے کہ ہندوستانی فضائیہ کا سکھوئی–30 ایم کے آئی لڑاکا طیارہ جمعرات کو آسام کے کاربی آنگلونگ علاقے میں ایک تربیتی مشن کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ یہ علاقہ جورہاٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور واقع ہے۔ ابتدائی طور پر طیارے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
حکام کے مطابق یہ طیارہ آسام کے جورہاٹ سے اڑان بھرنے کے بعد اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا تھا جس کے بعد فوری طور پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ فضائیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے مشتبہ علاقے میں تلاش کا کام شروع کیا تھا کیونکہ یہ خطہ زیادہ تر پہاڑی اور گھنے جنگلات پر مشتمل ہے۔
بعد ازاں فضائیہ نے دیر رات اس بات کی تصدیق کی کہ سکھوئی–30 ایم کے آئی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس حادثے کے بعد فضائیہ نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارہ حادثے کی اصل وجہ کیا تھی اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔
