
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور آرمینیا کے وزرائے دفاع نے تہران میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، سرحدی امور، سیکیورٹی اور خطے کی جغرافیائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیرزادہ نے کہا کہ ایران اور جمہوری آرمینیا کے تعلقات ہمیشہ امن اور دوستی کی بنیاد پر استوار ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات تمام شعبوں خصوصا دفاعی میدان میں مزید مستحکم ہوں گے۔
ایرانی وزیر دفاع نے زور دیا کہ ایران اور آرمینیا کے تعلقات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مشاورت خطے کے امن کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر آرمینیا کے وزیر دفاع سورن پاپیکیان نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، خاص طور پر دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات دفاعی اور فوجی روابط کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آرمینیا کے وزیر دفاع پیر کی شب سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیرزادہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔
