
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانس کے وزیر خارجہ نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ پیرس میں تعینات امریکی سفیر چارلز کوشنر کو طلب کریں گے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام امریکی سفیر کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں لیون میں ایک فرانسیسی دائیں بازو کے کارکن کی ہلاکت سے متعلق دیے گئے بیانات کے باعث کیا جا رہا ہے، جنہیں انہوں نے فرانس کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔
23 سالہ کوئنٹین درانک 12 فروری کو لیون میں ایک جھگڑے کے دوران سر پر شدید چوٹیں آنے کے دو روز بعد دم توڑ گیا۔ اس واقعے کو ٹرمپ حکومت نے بائیں بازو کے عناصر کے تشدد کا نتیجہ قرار دیا تھا۔
ژان نوئل بارو نے ریڈیو فرانس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم فرانس میں امریکی سفیر کو طلب کر رہے ہیں کیونکہ سفارتخانے نے ایک ایسے واقعے پر بیان جاری کیا جو ہمارے قومی معاشرے سے متعلق ہے۔ ہم اس معاملے میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئنٹین درانک، جو ایک فرانسیسی دائیں بازو کے کارکن تھے، گزشتہ جمعرات کو انتہا پسند بائیں بازو کے کارکنوں کے ساتھ جھگڑے کے دوران شدید تشدد کا نشانہ بنے اور دو روز بعد جان کی بازی ہار گئے۔
