[]
لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق انضمام الحق نے چیئرمین پی سی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کو استعفیٰ بھیج دیا ہے۔
انہوں نے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں۔ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں جو بھی مجھ پر الزام لگے ثبوت بھی دینا چاہیے۔
انضمام نے کہاکہ مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے الزمات پر دکھ ہوتاہے، میں نے بورڈ سے کہا تھاکہ آپ کوکوئی شک ہے تو انکوائری کرائیں۔ مجھے فون آیا اور بتایا گیاکہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے جس پر بورڈ کو کہاکہ جب تک کمیٹی تحقیقات کرلے عہدہ چھوڑ دیتا ہوں، تمام چیزیں کلیئر ہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک اطلاع میں کہاگیا تھاکہ انضمام الحق کے اپنے اور کھلاڑیوں کے ایجنٹ طلحہ رحمانی کی کمپنی میں شیئرز ہیں جس کے مالکان میں محمد رضوان بھی شامل ہیں۔ اس انکشاف کے بعد انضمام الحق پر بطور چیف سلیکٹر مفادات کے ٹکراؤ کا الزام سامنے آیا تھا۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہاکہ پی سی بی ایجنٹ کے ساتھ کمپنی میں شیئرہولڈر ہونے کے معاملے میں انضمام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی خراب ہے اور مسلسل 4 میاچس میں شکست کے بعد سیمی فائنل میں رسائی تقریباً ناممکن بن چکی ہے۔
ایسے میں بابراعظم کے ساتھ چیف سلیکٹر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ٹیم اپنا آئندہ مقابلہ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔