[]
حیدرآباد: امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفر نے مسلمانوں پرزور دیاکہ وہ غیرمسلموں میں دعوت دین کاکام کریں۔
اس کے علاوہ انہیں مسلمانوں میں تعلیم و تذکیر، اصلاح معاشرہ اوربلاتفریق مذہب تمام انسانوں کی خدمت کرنا چاہئے۔آج جماعت اسلامی حیدرآباد کمیٹی کی جانب سے عیدگاہ اجالے شاہؒ سعیدآباد احتجاجی جلسہ بضمن اظہاریگانگت فلسطین منعقد کیاگیا۔
اس احتجاجی جلسہ میں سابق امیر جلسہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ حامدمحمدخان‘ امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمدحسام الدین ثانی جعفرپاشاہ، امام وخطیب مسجد ٹین پوش مولانا عبیدالرحمن اطہر، مولانا عبدالفتاح سبیلی، معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندمحمداظہرالدین،ناظم شہرجماعت اسلامی ڈاکٹر مبشراحمد اوردیگرنے شرکت کی۔
ڈاکٹر محمدخالد مبشراحمد نے کہاکہ ہمارے ملک میں مسلمانوں کی آبادی15 فیصد ہے جبکہ غیر مسلم لوگوں کی آبادی85فیصد ہے۔ہم کوانہیں مذہب اسلام کی تعلیمات سے واقف کرواناچاہئے۔
سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ حامدمحمد خان نے کہاکہ مسلمانوں کوفلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و زیادتی کرنے والے اسرائیل اور امریکہ کومعاشی ضرب لگاناچاہئے۔ مسلمانوں کو مغربی فیشن کے تیارکردہ ملبوسات،غذائی اشیاء و دیگراشیاء کابائیکاٹ کرناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین کامسئلہ مذاکرات سے حل نہیں ہوگایہ صرف اسلامی جہاد سے حل ہوسکتاہے۔
اس کیلئے تمام مسلم ممالک کو متحد ہوکرآگے آناچاہئے۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفرپاشاہ نے کہاکہ دنیامیں تقریباً56سے زیادہ مسلم ممالک ہیں ان ممالک کے حکمراں اپنے نجی مفادات اورخواہشات کی زندگی میں مبتلا ہوکراسرائیل جوظلم و زیادتی فلسطین کے عوام کے ساتھ کررہاہے اس کے بارے میں آوازنہیں اٹھارہے ہیں۔ جتنے حکمراں بیٹھے ہوئے ہیں وہ سب نالائق ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کومشورہ دیاکہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے تیارکردہ تمام اشیاء کابائیکاٹ کریں۔
مولانا عبدالفتاح سبیلی نے کہاکہ اسرائیل کل بھی دہشت گردتھا آج بھی دہشت گرد ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو کلمہ کی بنیادپر متحد ہوجاناچاہئے۔امام و خطیب مسجد ٹین پوش مولانا عبیدالرحمن اطہر نے کہاکہ ایسے حالات میں ہم کوقنوت نازلہ کااہتمام کرناچاہئے اورفلسطین کے مسلمانوں پر کئے جارہے اسرائیل کے مظالم کیلئے گڑگڑاکراللہ تعالیٰ سے دعا مانگناچاہئے تاکہ ہماری دعاجلد قبول ہوسکے۔
معاون امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ محمد اظہرالدین نے مسلم ممالک کی جانب سے فلسطین کے عوام پر اسرائیل کے ظلم و زیادتی کے خلاف صرف قراردادیں منظورکرنے پرافسوس کااظہارکیا۔ ڈاکٹرمحمدمبشراحمدناظم مشیرجماعت اسلامی نے کہاکہ غزہ میں گذشتہ کئی سال سے20لاکھ افراد محصورہیں۔ اسرائیل کی جانب سے ان پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔6لاکھ افراد رفیوجی کیمپ میں رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے ظلم کے خلاف ہم کو آواز بلندکرناچاہئے۔ امام و خطیب مسجد اجالے شاہؒ حافظ و قاری شوکت اللہ غوری کی قراء ت کلام پاک سے احتجاجی جلسہ عام کاآغازہوا۔رکن شوریٰ جماعت اسلامی حیدرآباد سید عبدالقادر نے کاروائی چلائی۔ ایس آئی اوکے نمائندہ محمدمجیب نے شکریہ اداکیا۔