[]
مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے سیکرٹری جنرل زیاد نخالہ ور حماس کے رہنما صالح العاروری سے ملاقات کی۔
اس رپورٹ کے مطابق، سید حسن نصر اللہ اور حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماوں نے الاقصی طوفان آپریشن سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور غزہ کی پٹی کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
تینوں رہنماوں نے شمالی محاذ کی صورتحال اور مقبوضہ علاقوں کے ساتھ لبنان کی سرحدوں میں جاری تنازعات کا بھی جائزہ لیا۔
اس ملاقات میں مزاحمتی رہنماوں نے بین الاقوامی اور علاقائی موقف اور موجودہ نازک مرحلے میں محور مقاومت کے مطلوبہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں غزہ کی پٹی اور فلسطین میں مزاحمت کی حقیقی فتح اور اس علاقے اور مغربی کنارے کے خلاف غاصب صیہونی رجیم کی جارحیت کو روکنے کے طریقوں پر بھی بات کی گئی۔
سید حسن نصر اللہ، زیاد نخالہ اور صالح العاروری نے مکمل ہم آہنگی اور روزانہ کی بنیاد پر جنگی صورت حال اور مزاحمتی فورسز کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
در ایں اثناء حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے اس جماعت کے میڈیا ہاوسز کو اپنے ایک پیغام میں 7 اکتوبر (الاقصی طوفان آپریشن کے آغاز) سے اب تک شہید ہونے والے شہداء کا نام “شہدائے راہ قدس” رکھنے کی سفارش کی۔
ملاقات میں سید حسن نصر اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ جنگ کے شہداء کا نام “شہدائے راہ قدس” رکھنے کا ہدف غاصب صیہونی دشمن کے ساتھ جاری جنگ کی حقیقت کو واضح کرنا ہے۔