
مہر خبررساں ایجنسی، سائنسی ڈیسک: عالمی چیلنجز میں اضافے کے ساتھ جوہری ٹیکنالوجی مختلف شعبوں میں ایک عملی حل کے طور پر سامنے آرہی ہے، جو صحت، غذائی تحفظ، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار توانائی کے لیے مؤثر وسائل فراہم کررہی ہے۔ ایران میں جوہری ٹیکنالوجی جدید روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکی ہے اور اس کا دائرہ کار بجلی کی پیداوار اور اسٹریٹجک پہلوؤں سے کہیں آگے تک پھیل چکا ہے۔ طبی تشخیص، کینسر کے علاج، غذائی اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں میں اس کے استعمال سے اب براہ راست عوامی فلاح و بہبود پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
اگرچہ جوہری ٹیکنالوجی کی اصطلاح عموما بجلی گھروں اور توانائی کی پیداوار سے وابستہ کی جاتی ہے، تاہم اس کے اثرات خاموشی کے ساتھ روزمرہ زندگی میں سرایت کرچکے ہیں۔ آج جوہری سائنس نہ صرف اسٹریٹجک دائرے سے نکل چکی ہے بلکہ حقیقی سماجی مسائل کے حل کے لیے ایک عملی ٹیکنالوجی کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ عام تاثر کے برخلاف، بجلی کی پیداوار جوہری ٹیکنالوجی کا صرف ایک پہلو ہے۔ یہ مختلف بین الشعبہ جاتی علوم پر مشتمل ہے، جن میں طبیعیات، کیمیا، انجینئرنگ، طب اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
ایران میں حالیہ برسوں کے دوران جوہری ٹیکنالوجی ایک منظم حکمت عملی کے تحت ترقی کررہی ہے، جس میں مقامی مہارت اور ملکی تربیت یافتہ ماہرین پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مقامی علمی وسائل پر انحصار نے اس شعبے کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ کیا ہے اور قومی سائنسی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا ہے۔
صحت اور طبی علاج میں پیش رفت
جوہری ٹیکنالوجی کی سب سے نمایاں اور ٹھوس خدمات میں اس کا طب اور صحت کے شعبے میں استعمال شامل ہے۔ نیوکلیئر میڈیسن بیماریوں، بالخصوص کینسر کی مختلف اقسام کی ابتدائی تشخیص میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی تیاری، جسم کے اندرونی اعضا کی نہایت درست تصویربرداری اور ٹیومرز کے لیے ہدفی علاج ان کامیابیوں میں شامل ہیں جس کے ذریعے ہزاروں جانیں بچائی گئی ہیں۔ حالیہ برسوں میں ایران اپنے صحت کے نظام کو درکار ریڈیو فارماسیوٹیکلز کا ایک بڑا حصہ اندرون ملک تیار کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس کامیابی کے نتیجے میں بیرونی سپلائرز پر انحصار کم ہوا ہے اور مریضوں کو تشخیصی اور علاج کی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوئی ہے۔ وہ مریض جو پہلے علاج کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور تھے، اب ملک کے اندر ہی خصوصی طبی خدمات حاصل کرسکتے ہیں، جو معاشی اور انسانی دونوں لحاظ سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
جوہری اطلاقات کے ذریعے غذائی تحفظ
غذائی تحفظ عالمی سطح پر ایک نہایت سنگین چیلنج بنا ہوا ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت شامل ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جوہری ٹیکنالوجی ایک مؤثر ذریعہ بن کر سامنے آئی ہے۔
خوراک کی شیلف لائف بڑھانے کے لیے فوڈ اِریڈی ایشن، کیمیائی زرعی ادویات کے بغیر کیڑوں پر قابو پانا اور بیجوں کے معیار میں بہتری جیسے اطلاقات خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کی صحت اور ماحول کے تحفظ میں بھی مدد دیتے ہیں۔
ایران میں جوہری تکنیکوں کے ذریعے فصلوں کی پیداوار بہتر بنانے، بیجوں کی مزاحمت بڑھانے اور پانی کے استعمال میں کمی کے لیے متعدد تحقیقی منصوبے اور اقدامات جاری ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد مشکل ہوتی موسمی حالات کے باوجود زرعی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
جوہری ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ
عام تاثر کے برخلاف، جوہری ٹیکنالوجی ماحولیاتی تحفظ کے مقاصد کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ اس کے اطلاقات میں آلودگی کی نگرانی، زیر زمین پانی کا جائزہ، صنعتی آلودگیوں کا سراغ لگانا اور ویسٹ مینجمنٹ شامل ہیں۔
جوہری ٹیکنالوجی پر مبنی آلات آلودگیوں کی دقیق اور سائنسی پیمائش ممکن بناتے ہیں۔ جو مؤثر ماحولیاتی پالیسی سازی کے لیے ایک بنیادی شرط ہے۔ چونکہ ماحولیاتی بحران دنیا بھر میں معاشروں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات پیدا کر رہے ہیں، اس لیے جوہری ٹیکنالوجی کا باشعور اور ذمہ دارانہ استعمال قدرتی وسائل کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
سائنسی خود انحصاری اور تکنیکی صلاحیت
ایران کے جوہری پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت ماہرین کی مقامی تربیت اور خصوصی انسانی وسائل کی تیاری ہے۔ بیرونی انحصار کے بغیر مکمل جوہری ایندھن حاصل کرنا ملک کی سائنسی صلاحیت اور تکنیکی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ خود انحصاری نہ صرف سائنسی آزادی کو فروغ دیتی ہے بلکہ پائیدار ترقی اور خود مختار فیصلہ سازی کی بھی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ حالیہ تجربات نے یہ ثابت کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری قومی ترقی کے لیے ایک طاقتور محرک ثابت ہوسکتی ہے۔
جوہری ٹیکنالوجی اس راستے کی واضح مثال پیش کرتی ہے جو یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز سے شروع ہوتی ہے اور بالآخر معاشرے کے لیے عملی فوائد فراہم کرتی ہے۔
جوہری ٹیکنالوجی توانائی کے حصول کا بہترین ذریعہ
جوہری توانائی دنیا بھر میں بجلی پیدا کرنے کے سب سے پائیدار اور اسٹریٹجک طریقوں میں سے ایک ہے۔ جب کہ کئی ممالک توانائی کی قلت اور ماحولیاتی آلودگی کا سامنا کر رہے ہیں، جوہری توانائی ایک مستحکم، کم کاربن اور قابل اعتماد توانائی کے ذرائع کے طور پر دوبارہ اہمیت اختیار کرگئی ہے۔
جوہری فشن کے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی مسلسل توانائی فراہم کرتی ہے اور موسمی حالات پر منحصر نہیں ہوتی، جس سے یہ قومی توانائی کی حفاظت کا ایک اہم جزو بن جاتی ہے۔
ایران میں جوہری توانائی کی پیداوار طویل مدتی توانائی کی منصوبہ بندی کا ایک مرکزی حصہ بن گئی ہے۔ بوشہر جوہری توانائی کا پلانٹ 1,000 میگاواٹ کی صلاحیت رکھتا ہے اور جنوبی علاقوں کو بجلی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ سالانہ اربوں کلو واٹ گھنٹے پیدا کرتا ہے، جس سے لاکھوں بیرل فوسل ایندھن کے استعمال سے بچا جاتا ہے جو اقتصادی اور ماحولیاتی فوائد کے لحاظ سے اہم ہے۔
بوشہر ایران کی تکنیکی اور انجینئرنگ صلاحیت کا مظہر ہے کہ وہ جوہری ٹیکنالوجی کو محفوظ طریقے سے چلا سکتا ہے۔ اس کی کامیابی کی بنیاد پر توسیع کے منصوبے بنائے گئے ہیں، اور اسی مقام پر دو مزید 1,000 میگاواٹ یونٹس زیرتعمیر ہیں۔ یہ مکمل ہونے کے بعد ایران کی جوہری توانائی کی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
قومی توانائی کی حکمت عملی کے مطابق، ایران آنے والے برسوں میں کئی ہزار میگاواٹ جوہری بجلی پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ اس اقدام سے فوسل ایندھن پر انحصار کم ہوگا، فضائی آلودگی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی آئے گی۔ جوہری توانائی سب سے صاف توانائی کے ذرائع میں شمار کیا جاتا ہے۔
بجلی کی پیداوار کے علاوہ، جوہری پلانٹس کی ترقی علم کی منتقلی، افرادی قوت کی تربیت اور تکنیکی ڈھانچے کی مضبوطی کو بھی ممکن بناتی ہے۔ ایک وسیع صنعتی سلسلہ انجینئرنگ اور تعمیرات سے لے کر آپریشن اور دیکھ بھال تک پر مشتمل ہے، جو تکنیکی ترقی کو مزید فروغ دیتا ہے۔
مجموعی طور پر، بجلی کی پیداوار میں جوہری ٹیکنالوجی صرف تکنیکی انتخاب نہیں بلکہ ملکی توانائی کے مستقبل کے لیے ایک اسٹریٹجک ضرورت ہے۔ بوشہر جوہری پلانٹ کا تجربہ ایران کے محفوظ اور پائیدار جوہری عمل کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے، اور نئے یونٹس کی تکمیل قومی توانائی کے امتزاج میں جوہری توانائی کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کی توقع ہے۔
حاصل سخن
جوہری ٹیکنالوجی پر ایک حقیقی اور سائنسی نقطۂ نظر اسے مجرد تصور سے عملی آلے میں تبدیل کردیتا ہے جو معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ آج جوہری ٹیکنالوجی صرف تکنیکی یا سیاسی مباحث تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ جدید انسانی زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔
طبی تشخیص اور علاج سے لے کر غذائی تحفظ، ماحول کے تحفظ اور توانائی کی پائیداری تک، جوہری ٹیکنالوجی ہماری روزمرہ زندگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ایران کا تجربہ بتاتا ہے کہ اگر ہم مقامی ٹیکنالوجی اور ماہرین پر اعتماد کریں تو اس کو عوام کے فائدے کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ سائنس کا ایسا مستقبل جہاں یہ انسانیت کی خدمت کرے، نہ صرف ممکن ہے بلکہ اب یہ حقیقت بنتا جارہا ہے۔
