یوکرین جنگ کے خاتمے کے امکانات روشن، زیلنسکی کا طویل المدتی سکیورٹی ضمانتوں کا مطالبہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کے ساتھ کئی سالوں سے جاری کے خاتمے کے لئے اپنے اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کی سلامتی کے لیے آئندہ 30 سے 50 سال تک کے ٹھوس اور قابل عمل سکیورٹی ضمانتیں فراہم کی جائیں۔ قلیل المدتی ضمانتیں یوکرین جیسے بحران زدہ ملک کے لیے کافی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق، زیلنسکی نے یوکرینی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 15 سالہ سکیورٹی ضمانتوں کی تجویز دی ہے، جس میں توسیع کی گنجائش موجود ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ جب انہوں نے امریکی صدر کے سامنے 30 سے 50 سالہ سکیورٹی ضمانتوں کا مطالبہ رکھا تو صدر ٹرمپ نے اس پر حتمی ہاں یا ناں میں جواب دینے کے بجائے معاملے پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔

دوسری جانب روسی صدر کے ترجمان دیمیتری پسکوف نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے اور امن معاہدے کے امکانات پہلے سے زیادہ روشن ہوچکے ہیں۔ روسی حکومت، امریکی صدر کے اس مؤقف سے اتفاق کرتی ہے کہ یوکرین میں امن کا عمل اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے حال ہی میں یوکرینی صدر سے براہ راست ملاقات کی جبکہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ٹیلیفونک گفتگو بھی کی۔ مذاکرات میں شامل تمام فریقوں نے بات چیت کے نتائج کو مثبت قرار دیا ہے، جس سے خطے میں ممکنہ امن کے حوالے سے امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *