
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور قطر کے وزیراعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے جس میں علاقائی پیش رفت اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر مشاورت کی گئی۔
گفتگو کے دوران دونوں وزراء نے فلسطین اور لبنان کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیلی حکومت مسلسل سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور غزہ و لبنان میں عام شہریوں، ہسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو اس کے وعدوں کی پاسداری کرنے پر مجبور کرے اور اسے اپنی نسل کشی، غیر قانونی قبضے اور توسیع پسندانہ عزائم سے باز رکھے۔
عباس عراقچی اور شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے یمن میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ دونوں وزراء نے یمن کی علاقائی سالمیت، اتحاد اور خودمختاری کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کا استحکام تمام ممالک کے باہمی تعاون اور بین الاقوامی قوانین کے احترام سے وابستہ ہے۔
